پٹرول۔ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا کیا مطالبہ
چنئی، یکم جون؍(آئی این ایس انڈیا)تمل ناڈو کی وزیر اعلی جے للتا نے کاویری ڈیلٹا کے کسانوں کے لئے آج 54.65کروڑ روپے کے پیکیج کا اعلان کیا تاکہ پیداوار زیادہ ہو اور مختصر مدت’’کرووی‘‘دھان کی کاشت میں اضافہ ہو۔اس پیکیج میں جدید آلات کے استعمال کے لئے 4000روپے فی ایکڑ کی سبسڈی بھی شامل ہے۔ایک پریس ریلیز کے مطابق جے للتا نے کہا کہ تنجور، تروورور اور نگاپٹنم سمیت کاویری ڈیلٹا کے6 اضلاع میں زراعت کے لئے گزشتہ چار سال کی طرح 12گھنٹے بجلی دی جائے گی۔تقریباََ40کروڑ روپے میں سے 4000روپے فی ایکڑ کے حساب سے سبسڈی ایسے کسانوں کے بینک اکاؤنٹس میں براہ راست ڈال دی جائے گی جو کرووی کی کاشت کرتے ہیں۔ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کے بعد جے للتا نے پیکیج کااعلان کیا۔اس درمیان جے للتا نے مطالبہ کیا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہوا تازہ اضافہ واپس لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اچھال آئے گا۔انہوں نے ایک بیان میں کہاکہ میں نے کئی بار کہا ہے کہ تیل کمپنیوں کی جانب سے اپنائی جانے والی قیمتوں کا تعین پالیسی غلط ہے۔اس غلط پالیسی کی بنیاد پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں۔جے للتا نے کہا کہ روپے اور امریکی ڈالر کے زر مبادلہ کی شرح کی بنیادپرمہینے میں دو بار ایندھن کی قیمتیں طے کرنے کی پالیسی انصاف نہیں ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ رات پٹرول کی قیمتوں میں فی لیٹر 2.57روپے اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 2.35روپے اضافہ کا اعلان کیا گیا تھا۔